ڈائری:آپ کے دل کی آواز تجربات

تحریر: احتشام الحق آفاقی
          تجربات(Expriences) وہ ہیں جو ہم زندگی میں کچھ کھٹے میٹھے مشاہدات اور حالات گزارنے کے بعد سیکھتے ہیں۔ ان میں ہمارے ذریعہ حاصل کئے علم و فن بھی ہے اوربزرگوں کے وعظ و نصیحت اور سماجی تعلقات(Social Relation Ship) بھی۔ ان تمام چیزوں کے ساتھ زندگی گزار کر جو کچھ ہم سیکھ پاتے ہیں اسے ہی تجربات کہتے ہیں۔ تجربات کے کئی اقسام کئے جاسکتے ہیں لیکن زیادہ تفصیل بیان کرنا مناسب نہیں۔ یہاں صرف ہم تجربات کو دو قسموں پر مبنی کرسکتے ہیں (۱) اچھے تجربات (۲) برے تجربات۔ تجربات چاہے اچھے ہوں یا برے۔ ہمیں مستقبل کی زندگی گزارنے میں مدد کرتا ہے۔ ہم اپنے پچھلے برے تجربات سے ایک اچھا نتیجہ اخذ کر کے ایک صاف و شفاف اور پاکیزہ زندگی گزار سکتے ہیں۔ تجربات ایک صالح فکر و خیال کے حامل شخص کوبہت کچھ سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اچھے تجربات وہ نہیں جو ہمیں بعد میں احساس کمتری کا شکار کردے۔ بلکہ اچھے تجربات وہ ہےںجس کے ذریعہ ہم مستقبل میں بہترین راہیں ہموار کر سکیں۔ اور ایک اچھے انسان کی طرح زندگی گزار سکےں۔ ہماری زندگی کے وہ تجربات بھی برے نہیں ہوتے جسے ہم دل و جان سے برے خیال کرتے ہیں کہ یہ تجربہ ہمارے لئے خطر ناک ثابت ہوا بلکہ اس برے لمحے یا یہ کہیے کہ اس برے تجربے کو عطیہ خدا وندی سمجھ کر مستقبل میں اس سے بہتر کرنے کی کوشش کیجیے تاکہ اس سے اچھے نتائج بر آمد ہو سکے۔ ہم لوگ زیادہ سیکھنے کے بجائے زیادہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہمیں بسا اوقات شرمندگی کا بھی سامنا ہوتا ہے۔ اب جب بھی کوئی تجربہ کرنا چاہےں اس تعلق سے دونوں پہلوﺅں پر خوب سوچ سمجھ لیں اور غور و فکر کرلیں کہ میں جو کچھ کرنے جارہا ہوں وہ میرے لیے اچھا بھی ثابت ہو سکتا ہے اور بر ابھی۔ بس یہ ارادہ کیجئے اگر اچھا ثابت ہوا تو اس پرقابو رکھوں گا اور برا ثابت ہوا تو اس سے مستقبل میں کچھ سیکھنے کی کوشش کروں گا۔ انسان کی زندگی میں مشکلات اور پریشانیاں اس لیے آتی ہیں تاکہ وہ زندگی میں کچھ سیکھے اور آگے کے لیے اچھا کرنے یا اچھا ہونے کی امید کرے۔ 
انسانوں کی ایک خوبی یہ بھی ہے کہ وہ ناامید بھی بہت جلد ہوتا ہے جو اس کی ذات کے منافی ہے۔ کیونکہ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا ہے، انھیں دنیا کی تمام قوتوں سے نوازا ہے تاکہ وہ حالات کا صحیح ڈھنگ سے مقابلہ کر سکے لیکن پھر بھی انسان اپنی کوتاہ نظری سے غلطی کر بیٹھتا ہے اور اپنی غلطیوں سے کچھ سیکھنے کے بجائے وہ نالاں ہوتا ہے جو اس کی شخصیت کو کسی بھی صورت میں زیب نہیں دیتا۔کوئی بھی انسان جان بوجھ کر غلطی نہیں کرتا ہے بلکہ اس سے انجانے میں غلطی ہو جاتی ہے اور جب کوئی غلطی سرزد ہوجائے تو اس کا فی الفور کفارہ یہی ہے کہ اسے دوبارہ کرنے کی جرا ¿ت نہ کریں بصورت دیگر بہت سی باتوں یا حرکات و سکنات کو لوگ سرے سے ہی غلطی سمجھنے سے انکار کردیتے ہیں اور اپنے کو اسے پر ثابت قدم رکھتا ہے۔
ایک اور بات یاد رکھیں کہ ہم کچھ بھی کام شروع کرنے سے پہلے اس کے اچھا اور برا ہونے کی بہت زیادہ امید نہیں کرسکتے ہیں کیونکہ اس کا فیصلہ کرنا ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے اگر ہم ایسا کرتے ہیں یا ایسا سوچتے ہیں تو سمجھ لیجئے کہ آپ کو ایک برے اور تلخ تجربات سے گزرنا ہوگا اس کے لئے اس کے لئے خود کو تیار رکھیں۔ انسانی فطرت میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ صرف اچھے کی امید کرتا ہے اور اچھائی کی دوسرے پہلو یعنی برائی کو پس پشت ڈال دیتا ہے اور مثبت سوچ کے ساتھ وہ منزل کی طرف رواں دواں ہوتا ہے کہ اسی دوران یکبارگی تلخ حقائق کا سامنا ہوجاتا ہے اور وہ خود کو سنبھالنے کے بجائے لڑکھڑانے لگتا ہے اور آگے بڑھنے کی اس میں سکت باقی نہیں رہتی۔ انھیں مشکلات اور ذاتی زندگی میں تلخیوں کا سامنا کرنے کا نام تجربات ہے۔ اگر آپ نے تلخ تجر بات سے اچھا نتیجہ اخذ نہیں کیا تو مستقبل میں اس کے اور بھی برے نتائج بر آمد ہونے کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ 
سب سے بہترین تجربات بزرگوںاور اپنے اکابر کے پاس بیٹھ کر اور ان سے رائے مشورہ کرکے حاصل کرسکتے ہیں ۔ ایک قول زبان زد خاص و عام ہے کہ جو ہم ہزار کتابوںکے مطالعہ سے حاصل نہیں کرسکتے وہ بزرگوں اور اکابر کی خدمت میں بیٹھ کر چند لمحوں میں حاصل کر سکتے ہیں۔ اس لیے ایک تجربہ کار شخص اور نا تجربہ کار شخص کبھی بھی ایک مقام پر فائز نہیں ہو سکتا ۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے ذریعہ اٹھائے گئے ہر قدم پر مثبت کامیابی ملے تو آپ اس میں اپنا گزشتہ تجربے کا بھر پور استعمال کریں یا پھر بزرگوں سے اس معاملہ میں رائے مشورہ کرلیں ۔ تبھی آپ کامیابی کی طرف رواں دواں ہو سکتے ہیں ۔ کتابوں کے مطالعہ سے صرف آپ علم حاصل کرسکتے ہیں اگر آپ اس سے کوئی تجربہ کی چیز تلاش کریں تو اس میں آپ کو ملنا نا ممکن ہے ۔ تجربہ تو صرف آپ اپنے مشاہدات اور سماجی و معاشرتی زندگی کی عملی زندگی سے حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس لیے زیادہ تر کام اس نیت سے شروع کریں کہ آپ تجربات حاصل کرسکیں ۔ 
٭٭٭